صدر پاکستان نے سمری پر دستخط کردیے، جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف مقرر
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افواج پاکستان میں اہم تقرریوں سے متعلق وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پردستخط کردیے ہیں جس کے بعد جنرل عاصم منیر اگلے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہوں گے۔
آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری آج ایوان صدر کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور میں سابق وزیراعظم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد گئے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر منظوری دی۔
صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری دیے جانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹس چیفس کی تعیناتیوں کا نوٹی فکیشن جاری کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آج ہی وزیراعظم اور صدر مملکت سے ملاقات ہوگی جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بھی صدر اور وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ اجلاس
اس سے قبل آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، شیری رحمان، عون چوہدری، چوہدری سالک حسین، امین الحق، شاہ زین بگٹی، مولانا اسعد محمود اور ریاض پیر زادہ شریک ہوئے۔
وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے سمری پر سائن کر دیئے ہیں ، ڈاکٹر عارف علوی نے سمری پر سائن کر کے اچھا کیا ، تمام معاملات خوش اصلوبی سے حل ہوگئے ہیں، سمری میں دستخط کرنا خوش آئند ہے ، آرمی چیف کا گزشتہ روز کا بیان اچھا شگن ہے۔
خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈوائس صدرعلوی کے پاس چلی گئی ھے۔ اب عمران خان کا امتحان ھے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ھے یا متنازع۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ صدرڈاکٹرعارف علوی کی بھی آزمائش ہے کے وہ سیاسی ایڈوائس پہ عمل کرینگے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پر۔ بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈرادارے کو سیاسی تنازعات سےمحفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں