سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے تباہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے، نقصانات بہت ہوئے ہیں لیکن حکومت نہیں جاگی۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومتیں بڑے بڑے پلان دیتی رہیں عملی طور پر کچھ نہیں کیا، سیلاب متاثرین کی جماعت اسلامی نے بھرپور مدد کی۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ہمیں بیرونی خطرات نہیں بلکہ اندرونی خطرات ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت تمام جماعتیں ریلیف کے کام میں فیل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل مافیا،آٹا مافیا ،چینی مافیا یہ سب پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں ہیں جبکہ پاکستان کو پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے تباہ کیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ شرم کی بات ہے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے، تمام انتظامات مکمل کئے جانے کے بعد الیکشن ملتوی کرنا عوام کے ساتھ مذاق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے بیان پر امریکی سفیر کو نکالنا چاہیے تھا، امریکا سپر پاور نہیں وہ عالمی بدمعاش ہے، ہم اس کو نہیں مانتے، الیکشن سے پہلے الیکشن ریفارمز ہونا ضروری ہے ، الیکشن میں کسی کی مداخلت اور پیسے کا استعمال نہ ہو۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک کے ضمنی انتخابات میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا مقابلہ تھا، اصل مقابلے کا پتہ عام انتخابات میں چلے گا، ہمارا مطالبہ ہے کہ 23 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات ہونے چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ میں کسی جماعت کے موقف کی بات نہیں کررہا ہوں اپنا اور اپنی جماعت کا موقف پیش کررہا ہوں، پاکستان کو کرپشن سے نکالنے میں سب ناکام ہوگئے، صرف جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں