اسلامو فوبیا کا خوفناک مظہر ہندوستان میں ہے، بلاول
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کا خوفناک مظہر ہندوستان میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے ” تہذیبوں کے اتحاد“ (یو این اے او سی) کے اعلیٰ نمائندے میگوئل موراتینوس سے ملاقات کی۔
بلاول بھٹو نے میگوئل موراتینوس سے ” تہذیبوں کے اتحاد“ کے کام اور تعاون کے طریقہ کار پر گفتگو کی۔
ملاقات میں بین المذاہب مکالمے کو تقویت دینے، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے،عقیدے کی بنیاد پر عدم برداشت کے خلاف اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
بلاول بھٹو نے متنوع ثقافتوں اور معاشروں کے درمیان ہم آہنگی کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا ایک حقیقت ہے جو کئی مغربی ممالک میں نظر آتی ہے لیکن اس کا خوفناک مظہر ہندوستان میں ہے۔
وزیر خارجہ نے ” تہذیبوں کے اتحاد“ پر زور دیا کہ وہ اسلامو فوبیا، تعصب اور مذہب کی بنیاد پرامتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے اور خیالات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
ملاقات میں میگوئل نے ان تمام کوششوں کی حمایت کرنے کااعادہ کیا جو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے طریقوں،مکالمے کو فروغ دینے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دیں۔
واضح رہے کہ 2005 میں تشکیل دیا گیا ”تہذیبوں کا اتحاد“ کے بنیادی مقاصد میں تمام ثقافتوں، روایات اور مذہبی عقائد کے لیے باہمی احترام کو آگے بڑھانا شامل ہے، یہ اتحاد تہذیبوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں